چلو ہندوستاں کو رشکِ عالم پھر بناتے ہیں
وطن آواز دیتا ہے اسے مل کر سجاتے ہیں
برائے ہند چھبیس جنوری یومِ سعادت ہے
یہی جمہوریت تو تانا شاہی پر قیامت ہے
یہ آئین بھیم راو امبیڈکر جی کی عنایت ہے
منائے جشن لہرائیں ترنگا سب کی چاہت ہے
چلو ہندوستاں کو رشکِ عالم پھر بناتے ہیں
وطن آواز دیتا ہے اسے مل کر سجاتے ہیں
یہاں کہسار معدنیات جنگل اور پانی ہے
نرالی صبح رنگیں شام ہے اور شب سہانی ہے
ہمارے خون کے قطروں میں ایمان کی روانی ہے
کریں گے نذر تیری جو بھی دولت اور جوانی ہے
چلو ہندوستاں کو رشکِ عالم پھر بناتے ہیں
وطن آواز دیتا ہے اسے مل کر سجاتے ہیں
ادیبوں شاعروں کے واسطے فرحت نشاں یہ ہے
سیاحت صنعت وحرفت کو بھی راحت رساں یہ ہے
رعایا پروری اور امن کا بھی ترجماں یہ ہے
مذاہب اور تمدن کا بہت دلکش بیاں یہ ہے
چلو ہندوستاں کو رشکِ عالم پھر بناتے ہیں
وطن آواز دیتا ہے اسے مل کر سجاتے ہیں
یہاں اربوں ہے آبادی نہیں دو چار سو کی ہے
ہے جاری چشمۂ الفت روش گلہائے نو کی ہے
بہت شہرت یہاں کے صوفیا سنتون کے ضوء کی ہے
مہربانی عنایت ہم پہ اپنے پیش رَو کی ہے
چلو ہندوستاں کو رشکِ عالم پھر بناتے ہیں
وطن آواز دیتا ہے اسے مل کر سجاتے ہیں
سفید وسبز نیلےانقلابوں کی ہے منظوری
صحافت تجربہ تحقیق کھیلوں کی ہے معموری
نہاں دل میں ہے یکجھتی ہرن میں جیسے کستوری
ہمالہ سے دھنش کوڈی وہی ہے شانِ دستوری
چلو ہندوستاں کو رشکِ عالم پھر بناتے ہیں
وطن آواز دیتا ہے اسے مل کر سجاتے ہیں
پہاڑوں مین سرنگیں کھود کر رستے بنائے ہیں
ہو لرزہ دشمنوں پر فوج کے دستےبنائے ہیں
زمیں پہ کتنے ہیں دریا ندی نالے نتھارے ہیں
فلک پہ ان گنت سیارچے اب تک اتارے ہیں
چلو ہندوستاں کو رشکِ عالم پھر بناتے ہیں
وطن آواز دیتا ہے اسے مل کر سجاتے ہیں
مساوی حق ملے سب کو ہو سارا ملک فرخندہ
فرائض ہوں ادا سب سے یہ عہدِ نو ہو تابندہ
وہ رفتارِ ترقی برق بھی اس ہوشرمندہ
ہمِیں تاریخ لکھیں گے نویدِ صبح آئندہ
چلو ہندوستاں کو رشکِ عالم پھر بناتے ہیں
وطن آواز دیتا ہے اسے مل کر سجاتے ہیں
سن اے خاکِ وطن ہم کوششوں سے دن وہ لائیں گے
تعصب اور تکبر سے سدا تجھ کو بچائیں گے
حفاظت اقلیت کی ہو مشن اپنا بنائیں گے
سرابوں کی جگہ مہکے گلابوں کو بچھائیں گے
چلو ہندوستاں کو رشکِ عالم پھر بناتے ہیں
وطن آواز دیتا ہے اسے مل کر سجاتے ہیں